’طویل عرصے کیلیے ٹیکنو کریٹ حکومت بنی تو مراحمت کریں گے‘

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ طویل عرصے کیلیے ٹیکنو کریٹ حکومت بنی تو ہم مزاحمت کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے ملک میں بدترین معاشی حالات کے باعث طویل عرصے کے لیے ٹیکنو کریٹ حکومت بنائے جانے کی اطلاعات پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ اس حکومت کو ہٹا کر طویل عرصے کی ٹیکنو کریٹ حکومت بنانا ایک اور انتہائی احمقانہ سوچ ہے۔ واحد حل الیکشن ہے، ہم اس قسم کی ٹیکنو کریٹ حکومت کی مزاحمت کریں گے۔

 

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک کا بحران معاشی سے کہیں زیادہ سیاسی ہے۔ عمران خان کو روکنے کے لیے اسکیمیں بنانا ملک کے مفاد کو پس پشت ڈالنے کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’مارچ میں نگراں حکومت آسکتی ہے‘

واضح رہے کہ ماہر معاشیات شبر زیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ مارچ میں نگراں حکومت آسکتی ہے۔ ملک کے لیے مشکل فیصلے سیاسی حکومت برداشت نہیں کرسکتی۔ نگراں حکومت کو دو سال دینے چاہئیں تاکہ وہ ایسے فیصلے کرسکے جو سیاسی جماعتیں نہیں کرنا چاہئیں۔