لاڑکانہ: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ عمران خان چاہتا ہے کہ آمریت کا دروازہ کھلے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیکل ٹراما سینٹر کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے سندھ حکومت اور محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلسل تیسری بار پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہے لیکن عمران خان چاہتا ہے کہ آمریت کا دروازہ کھلے، وہ چاہتا ہے کہ بیک ڈور سے پھر وزیراعظم بنے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان کی ایک اور سازش تھی کہ سہولت کاروں کے ہوتے فوری انختابات ہوں ایک ادارے سے تو ان کے سہولت کار بٹ گئے شاید دوسری جگہ ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ انتخابات وقت پر ہوئے تو کسی بھی ادارے میں سہولت کار موجود نہیں رہیں گے اس پریشانی کی وجہ سے وہ جھوٹ کی سیاست اور ہر ہتھکنڈا استعمال کررہا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عوام معاشی مسائل کا شکار ہیں اور وہ اپنی ضد پوری کرنے میں مصروف ہے۔