کراچی: پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ترین سطح پر آگئے۔ 23 دسمبر کو ختم ہوئے ہفتے میں 29.29 کروڑ ڈالر کم ہوئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی کا سلسلہ برقرار ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر 23 دسمبر تک 11.70 ارب ڈالر رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر 29.43 لاکھ ڈالر کم ہو کر 5.82 ارب ڈالر رہے جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 14 لاکھ ڈالر اضافے سے 5.88 ارب ڈالر رہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 33 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کی کمی کے بعد مجموعی زرمبادلہ ذخائر 13 ارب 37 کروڑ 82 لاکھ ڈالر رہ گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی سے مرکزی بینک میں زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 32 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کم ہو کر 7 ارب 49 کروڑ اور 87 لاکھ ڈالرز کی سطح پر آگئے۔