شدید برف باری: پیرچناسی میں سیاحوں کی 30 گاڑیاں پھنس گئیں

مظفرآباد: سیاحتی مقام پیر چناسی میں شدید برف باری کے نتیجے میں سیاحوں کی درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق شدید برف باری کے باعث سڑک پر پھسلن کے نتیجے میں سیاحوں کی 30 گاڑیاں پھنسنے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں، اطلاع ملتے ہی سیاحوں کو ریسکیو کرنے کیلئے مظفرآباد سےریسکیو 1122 اور پولیس کو روانہ کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق سڑک سے برف ہٹانے کیلئے سیاحتی مقام پیر چناسی میں مشینری موجود نہیں، تاہم برف ہٹانے کیلئے موقع پر ‘چین والی مشینری’ روانہ کی گئی ہے، امدادی کاموں کی نگرانی کے لئے ڈپٹی کمشنر، ایس پی اور دیگرسول حکام موقع پر پہنچ چکے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ان گاڑیوں میں مسافروں کی تعداد کتنی ہیں؟ یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے تاہم پیر چناسی میں پھنسے سیاحوں کو اتار کر دوسری گاڑیوں میں محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مری، گلیات میں برف باری شروع، پچھلے برس 23 سیاحوں کی ہلاکت کے خوف کی بازگشت

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پیرچناسی جانیوالی گاڑیوں کی پہاڑی علاقوں میں خراب موسم میں رفتارکم ہوجاتی ہے، پھسلن کے دوران منی بسیں انتہائی خطرناک ثابت ہوتی ہیں کیونکہ انہیں ڈھلوان سے ڈرائیو کرنا نہایت مشکل ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے رواں سال جنوری میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مری میں آٹھ ہزار سے زائد گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کررکھی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں شدید برف باری کے باوجود سیاحوں کی ایک بڑی تعداد نے مری کا رُخ کیا تھا۔ برف میں متعدد گاڑیاں پھنس گئی تھیں جس کی وجہ گاڑیوں کے اندر موجود 23 سیاح دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔