اسلام آباد: رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اس وقت نااہل حکومت مسلط ہے جس کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘دی رپورٹرز’ میں گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ حکمران سازش کے ذریعے اقتدار میں آئے، انہوں نے اقتدار پر قبضہ کرتے ہی سب سے پہلے خود کو این آراو ٹو دیا اور اپنے 1100 ارب کے کیسز ختم کرڈالے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہر فرعون کے لیے ایک موسیٰ پیدا ہوتا ہے، ان چورحکمرانوں کےلیے عمران خان پیدا ہوا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کو بدل دیا ہے،اب کسی میں ہمت نہیں کہ اسے لوٹا ہوجائے۔
شبلی فراز نے حکومت وقت پر الیکشن سے بھاگنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے فرار کے لئے حکومت الیکشن کمیشن کا سہارا لے رہی ہے، الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ صاف شفاف انتخابات کرائے، یہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے جس کو چھیڑ نہیں سکتے۔
پروگرام کے میزبان سے پی ٹی آئی رہنما سے سوال کیا کہ دو ہزار بائیس کا سب سے بڑا واقعہ کیا تھا؟ جس پر شبلی فراز نے کہا کہ ہماری حکومت کو شرمناک طریقے سے گرایا گیا، غیرآئینی اقدامات کے ذریعےپارلیمنٹ کو بے توقیر کیا گیا جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے، آواز حق بلند کرنے پر نامور صحافی ارشد شریف کو شہید کیا گیا۔
شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ اس کٹھ پتلی حکومت نے اوورسیزپاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھینا، ملکی معیشت زمین پر آگئی اور اداروں کی رٹ ختم ہوگئی ہے۔