سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل اپنی جماعت کی اندرونی سیاست باہر لے آئے۔ انہوں نے گھر کی ہنڈیا ایک یوٹیوبر کے پروگرام میں پھوڑ دی۔
یوٹیوبر سے گفتگو میں مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو وزیر بننے کا بہت شوق تھا اور اس کے لیے انہوں نے میرے خلاف چھے مہینے مہم چلائی۔
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ اسحاق ڈار کہتے تھے کہ میں پاکستان آ کر ڈالر 180 روپے کا کردوں گا، انہوں نے نواز شریف کو کہا تھا کہ میں دودھ شہد کی نہریں بہا دوں گا۔
سابق وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ اسحاق ڈار نواز شریف کی بیٹی کے سسر ہیں اور وہ ان کے ساتھ لندن میں بھی ساتھ تھے۔
عمران خان سے متعلق مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وہ اچھے سیاستدان ہیں لیکن اچھے پالیسی میکر نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں مفتاح اسماعیل نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کے دوران اپنے پارٹی اختلافات کے بارے میں گفتگو کی تھی۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ میں پارٹی کا حصہ ہوں اور پارٹی ارکان مجھ سے رابطے میں ہیں، میرا وزیر اعظم براہ راست سے رابطہ رہتا ہے، میں نے ان سے متعلق کبھی غلط بات نہیں کی، شہباز شریف کو اسحاق ڈار اور میرے درمیان اختلافات کا علم ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ اختلافات پہلے اسحاق ڈار نے شروع کیے تھے، انہوں نے میرے خلاف باقاعدہ پروگرام کروائے، میں اب بات کر رہا ہوں تو اپنی پارٹی کی مدد کر رہا ہوں۔
مفتاح اسماعیل نے واضح کیا تھا کہ اگر مجھ پر کوئی تنقید کرے گا تو جواب ضرور دوں گا، پارٹی کا حصہ ہوں اور ہمیشہ رہوں گا، میرا کسی دوسری سیاسی جماعت میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اگر مسلم لیگ (ن) مجھے پارٹی میں رکھتی ہے تو ادھر ہی رہوں گا۔
’مجھ سے وزارت خزانہ کا قلم دان غیر مناسب طریقے سے لیا گیا۔ مجھے لندن میں سلیمان شہباز کی رہائش گاہ پر بلا کر بتایا گیا کہ وزارت واپس لیں گے۔ مجھے پہلے سے اعتماد میں لیا جاتا تو یہ مناسب طریقہ ہوتا۔‘