بلاول بھٹو بلدیاتی الیکشن کرانے کے معاملے پر ڈٹ گئے

کراچی اور حیدرآباد میں 15 جنوری کو شیڈول بلدیاتی الیکشن کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین مقررہ تاریخ پر انتخابات کرانے پر ڈٹ گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہوا جس میں 15 جنوری کو کراچی اور حیدرآباد میں شیڈول بلدیاتی الیکشن پر بحث کی گئی۔

اجلاس کے حوالے سے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری طے شدہ شیڈول پر کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے معاملے پر ڈٹ گئے اور کہا کہ 15 جنوری کو کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن ہر صورت ہونے چاہئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شریک اراکین کو بریفنگ دی گئی کہ کراچی اور حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن مضبوط ہے۔ آئینی اور قانونی فرائض سے روکنے والوں کی بلیک میلنگ میں نہ آیا جائے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی کا ایم کیو ایم کی بلیک میلنگ میں نہ آکرساتھ چلنے کا فیصلہ کیا گیا اور کراچی و حیدرآباد کی میئر شپ جیتنے کے لیے ہر سطح پر مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی وحیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا

ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے بلدیاتی الیکشن کے لیے پختون آبادی میں پی پی خیبرپختونخوا کے اراکین کو انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی۔