لاہور: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کوئی قانونی رکاوٹ نہ ہوئی تو آج پنجاب اسمبلی تحلیل کردیں گے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نےپنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایجنڈے پر کاربند ہیں ، کوئی قانونی رکاوٹ نہ ہوئی توآج پنجاب اسمبلی اور پھر کے پی اسمبلی تحلیل کردیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا ریڈلائن کا فیصلہ عوام کرتے ہیں، جنہوں نےاربوں کی پیشکش ٹھکرائی وہ مبارک باد کےمستحق ہیں۔
انھوں نے کہا راناثنااللہ اورعطاتارڑ بھی آج اچھے موسم میں اسلام آباد بھاگ گئے ہیں، راناثنااللہ اور عطاتارڑنے کہا تھا ہم ہارے تو اپنا نام تبدیل کردیں گے، ہم نے رانا ثنااللہ اور عطا تارڑ کا نام چنوں منوں رکھ لیا ہے۔
دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ تو پہلے ہی ہوچکا ہے، اعتماد کا ووٹ ہم نے لے لیا۔
انھوں نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملےمیں اب کسی قسم کی رکاوٹ نہیں، عوامی حمایت عمران خان کے ساتھ موجود ہے۔