الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کراچی کے حالیہ بلدیاتی انتخابات تاریخ کے سب سے پُرامن انتخابات ہیں جو 2015 اور 2018 کے اتنخابات کے مقابلے میں کامیاب ترین ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے حالیہ بلدیاتی الیکشن کو تاریخ کے سب سے پُرامن اور کامیاب ترین الیکشن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جنوری کے بلدیاتی انتخابات 2015 کے بلدیاتی اور 2018 کے عام انتخابات کے مقابلے میں کامیاب ترین الیکشن ہیں۔
اعجاز چوہان نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے ساتھ سندھ میں دوسرا مرحلہ خیر وعافیت سے مکمل ہوگیا۔ ان انتخابات میں الیکشن کمیشن نے اپنی ذمے داری احسن طریقے سے نبھائی ہے۔ سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات تھے اور پولنگ کا مرحلہ بہت اچھا رہا۔ خاطر خواہ اقدامات کی وجہ سے یہ ممکن ہوا جو الیکشن کمیشن کی کامیابی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی نے کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد کر دیے
الیکشن کمشنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کی تاریخ میں اس طرح کی پُرامن پولنگ پہلے انجام نہیں پائی۔ کراچی کے تمام نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔ حیدرآباد کے کچھ نتائج آنا باقی ہیں۔ 30 گھنٹے کے اندر ہم نے نتائج جاری کر دیے۔ الیکشن کمیشن نے مانیٹرنگ مکینزم کو بہت متاثر کن رکھا۔