اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے 32 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا، پارلیمانی بورڈ پنجاب اور کے پی میں الیکشن لڑنے والے امیدواروں کا انٹرویو کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے معاملے پر قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے پارلیمانی بورڈتشکیل دے دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کا پارلیمانی بورڈ بتیس ممبران پر مشتمل ہے، پارلیمانی بورڈ کی قیادت قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کریں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پارلیمانی بورڈ میں وزیر اعظم شہباز شریف اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز ، شاہدخاقان عباسی شامل ہیں جبکہ احسن اقبال، خواجہ آصف، رانا ثنا اللہ، میاں جاوید لطیف بھی بورڈ کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق ، خیبرپختونخوا سے امیر مقام، مرتضیٰ جاوید عباسی پارلیمانی بورڈ میں شامل ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ پنجاب اور کے پی کے انتخابات میں امیدواروں کا انتخاب اور پارٹی ٹکٹ تقسیم کرے گا، امیدواروں سے انٹرویو کے بعد حتمی رپورٹ شہباز شریف کودی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور نواز شریف سے مشاورت کے بعد ٹکٹ جاری کریں گے، مریم نواز اگلے ہفتے وطن واپس آ کر پارلیمانی بورڈ کا حصہ بنیں گی۔
نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ کو پارٹی میں فعال ممبران کو ٹکٹ دینے کی ہدایت کردی ہے۔