خوف پیدا کرکے خود کو تسلیم کرانے والےغلط فہمی کا شکار ہیں، عمران خان

لاہور:چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فواد چوہدری کے ساتھ روا رکھے گئے برتاؤ کو جنگل کا قانون قرار دے دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فواد چوہدری کیساتھ جو کچھ ہورہا ہے یہ انصاف نہیں جنگل کا قانون ہے، اغوا کرنا،دہشت گرد جیسا سلوک ایک شرمناک عمل ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ایف آئی آر پرجسمانی ریمانڈ دے دیا گیا جو ظاہرکرتا ہے کہ غلط ہورہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ خوف پیدا کرکےخود کو تسلیم کرالیں گےتو غلط ہیں،لوگ اس فسطائیت کےخلاف کھڑے ہونےکیلئے زیادہ پرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے پہلےسے زیادہ پرعزم ہیں اور انصاف کیلئے فاشسٹ طاقتوں کےخلاف لڑنےکےلیے پختہ عزم رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز توہین الیکشن کمیشن پر جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نے رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

اس سے قبل لولیس نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو رات میں ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آئی تھی۔

فواد چوہدری نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو مقدمہ ہے اس پر فخر ہے یہی مقدمہ نیلسن منڈیلاپر بھی درج تھا۔