لندن : مسلم لیگ ن کی سینئرنائب صدر مریم نواز براستہ دبئی پاکستان کیلئے روانہ ہوگئیں، وہ ہفتے کی سہ پہر تین بجے لاہور پہنچیں گی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئرنائب صدر مریم نواز لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ سے نجی پرواز کے ذریعے دبئی کیلئے روانہ ہوگئیں۔
ڈاکٹر عدنان بھی مریم نواز کے ہمراہ ہیں، مریم دبئی میں ایک روزقیام کرے گی اور ہفتے کی سہ پہر تین بجے دبئی سے لاہور پہنچیں گی، جہاں لاہور کی ن لیگی سینئرقیادت ان کا استقبال کرے گی۔
یاد رہے مریم نواز گزشتہ برس اکتوبر میں لندن گئی تھیں، انھوں نے جینوا میں گلے کی سرجری بھی کرائی۔
خیال رہے نواز شریف نے مریم نواز کو حالیہ دورے میں پارٹی کا چیف آرگنائزر بھی مقرر کیا تھا اور ن لیگ کی تنظیم سازی کا ازسرنو جائزہ لینے کا مکمل اختیار دے دیا ہے ، مریم نواز پارٹی عہدوں میں تبدیلی کریں گی۔
یاد رہے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پارٹی میں نئی ذمہ داریوں سے مزید متحرک ہو جاؤں گی۔
مریم نواز کی میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ آپ پنجاب کا الیکشن لڑنے جا رہی ہیں، وزیر اعلیٰ کے لیے بھی آپ کا نام آ رہا ہے، صحافی کے سوال کا جواب دیے بغیر مریم نواز مسکراتے ہوئے روانہ ہوگئیں تھیں۔