یو اے ای میں موسلا دھار بارش، سیلاب کی وارننگ جاری

متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں ہفتے تک بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاستوں دبئی، شارجہ، راس الخیمہ سمیت متعدد شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پارہ گر کر تین ڈگری پر پہنچ گیا ہے۔

یو اے ای میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

موسلا دھار بارش کا سلسلہ جمعے کے روز بھی جاری رہا جس کے بعد اسکولوں میں آن لائن کلاسیں شروع کی گئیں جبکہ ڈیلیوری سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

ال اسائل شاہراہ، لطیفہ بنت ہمدان شاہراہ کو دونوں اطراف سے بند کیا گیا جبکہ یہاں سے جانے والے شہری ال خیل اسٹریٹ، لطیفہ بنت ہمدان اسٹریٹ اور ام سقیم اسٹریٹ استعمال کرسکتے ہیں۔

آر ٹی اے کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا کہ ال سبکا ٹنل کو گزشتہ روز بند کیا گیا تھا جسے اب کھول دیا گیا ہے۔