ممبئی: بالی وڈ کی مشہور اداکارہ جیکلین فرنانڈز کو سکیش چند شیکھر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں عارضی طور پر ریلیف مل گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جیکلین فرنانڈز سکیش چند شیکھر کی قریبی دوست ہونے کی وجہ سے منی لانڈرنگ کیس میں شاملِ تفتیش ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اداکارہ پر بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
متعلقہ: جیکلین ملک سے فرار کی کوشش کرتے ہوئے پکڑی گئیں
جیکلین فرنانڈز نے دو روز قبل دہلی کی پٹیالیہ ہاؤس عدالت میں دبئی جانے کی اجازت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے حکم جاری کر دیا ہے۔
عدالت نے اداکارہ کو 27 سے 30 جنوری تک دبئی سفر کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ایک کروڑ (بھارتی روپے) ضمانت کے طور پر جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔
جیکلین فرنانڈز کے وکیل پرشانت پاٹل نے اس متعلق بتایا ’ہم نے عدالت کو بتایا کہ جیکلین باقاعدگی سے ہر سماعت پر عدالت میں پیش ہو رہی ہیں جبکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اب تک ناقابلِ تردید ثبوت پیش نہیں کر سکی۔‘
متعلقہ: جیکلین نے سکیش سے کیا کچھ حاصل کیا؟ تہلکہ خیز چارج شیٹ سامنے آگئی
’ہم نے کیس میں الزام کی دلیل میں اب تک کوئی تاخیر نہیں کی۔ جیکلین پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی وجہ سے دبئی کا سفر کر رہی ہیں یہ کوئی نجی سفر نہیں۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل جیکلین فرنانڈز نے بحرین جانے کے لیے عدالت میں درخواست دی تھی اور کچھ ہی وقت بعد واپس لے لی تھی۔
جیکلین فرنانڈز سکیش چند شیکھر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ملزم کی قریبی دوست ہونے کی وجہ سے شاملِ تفتیش ہیں۔ کیس میں اداکارہ و ڈانسر نورا فتیحی سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔