وزیر خارجہ بلاول بھٹو آج روسی ہم منصب سے ملاقات کریں گے

ماسکو : وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری اہم دورے پر روس پہنچ گئے، جہاں آج روسی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری دو روزہ دورے پر ماسکو پہنچ گئے۔

اس موقع پر روسی وزارتِ خارجہ کے عہدیداران اور ماسکو میں پاکستانی سفیر نے ان کا استقبال کیا۔

بلاول بھٹو روسی ہم منصب سرگئی لارُوف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان آج ملاقات ہو گی۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی تمام جہتوں سمیت علاقائی عالمی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان روسی خام تیل کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کے ایک ہفتے بعد ہو رہا ہے اور علاقائی طاقتوں کی جانب سے اس دورے کو بہت اہمیت دی جارہی ہے ۔

دفتر خارجہ نے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر خارجہ اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ باضابطہ بات چیت کریں گے، جہاں دونوں فریق دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوں پر غور کریں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔

خیال رہے پاکستان اور روس جس تیز رفتاری کے ساتھ معاہدہ طے کرنے کے لیے اگے بڑھ رہے ہیں۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ کو دونوں ممالک کے کاروبار کرنے پر کوئی اعتراض نہں ہوسکتا یہ بھی ممکن ہے کہ پاکستان نے روس سے تیل برآمد کرنے کے اپنے فیصلے پر امریکہ کو اعتماد میں لیا ہو کیونکہ ابھی تک نہ تو امریکا اور نہ ہی خلیجی ممالک نے اسلام اباد کے ماسکو کے ساتھ جاری مذاکرات پر اعتراض کیا ہے۔