وزیراعظم کی زلزلہ متاثرین کیلیے تعلیمی اداروں میں فنڈ ریزنگ کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں فنڈ ریزنگ مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق برادر اسلامی ممالک ترکیہ اور شام میں پیر کی علی الصباح آنے والے ہولناک زلزلے نے دونوں ملکوں میں تباہی مچا دی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 15 ہزار سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔ اس موقع پر پاکستانی حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔

اسی سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے تعلیمی اداروں میں جامعات سے لے کر اسکول سطح تک فنڈ ریزنگ مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مصیبت کی گھڑی میں پاکستان اپنے دیرینہ دوست ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے۔ عوام زلزلہ زدگان کیلیے امدادی اشیا این ڈی ایم اے کلیکشن سینٹرز پر جمع کروا سکتے ہیں۔

ترکیہ وشام کے زلزلہ زدگان کی امدادی کارروائیوں کو منظم کرنے کیلیے وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے۔کمیٹی کے ممبران میں سعد رفیق، مریم اورنگزیب، مفتی عبدالشکور، طارق فاطمی، چیئرمین این ڈی ایم اے اور پاکستان کے ترکیہ اور شام میں تعینات سفیر شامل ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پراجلاس کرے اور امدادی سامان کی ترکیہ اور شام ترسیل یقینی بنائے گی۔ کمبل، گرم کپڑوں، بچوں کی خوراک اورخیموں کا فوری بندوبست کیا جائے دونوں ممالک میں زمینی، فضائی اور سمندری راستوں سے امدادی سامان بھیجا جائے۔ این ڈی ایم اے بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے تمام صوبائی حکومتوں سے رابطے بڑھائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ نے 2010 اور 2022 کے سیلاب میں پاکستانیوں کی ہر طرح سے مدد کی۔ ہم محدود وسائل کے باوجود ترک بہن بھائیوں کی امداد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امدادی سامان بھجوانے کیلئے ایئر کوریڈور قائم کر دیا ہے۔ بہت جلد پاکستان سے امدادی سامان کیلیے ٹرکوں کا قافلہ بھی ترکیہ اور شام روانہ ہو گا۔