پی ایس ایل کی اہمیت، وہاب ریاض کی بطور وزیر کھیل حلف برداری موخر

پاکستان سپر لیگ سیزن 8 میں وہاب ریاض کی شمولیت کے باعث ان کے بطور وزیر کھیل پنجاب حلف برداری موخر کر دی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کی نگراں حکومت نے قومی فاسٹ بولر وہاب ریاض کو وزیر کھیل نامزد کیا تھا جس کا حلف اٹھانے کے لیے وہ گزشتہ دنوں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپس آگئے تھے تاہم اب تک ان کی حلف برداری نہیں ہوسکی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وہاب ریاض کی بطور وزیر کھیل حلف برداری موخر کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کی حلف برداری پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی درخواست پر موخر کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کو درخواست کی گئی تھی کہ وہاب ریاض پی ایس ایل سیزن 8 میں پشاور زلمی کے ایک اہم کھلاڑی ہیں۔ اس لیے ابھی ان سے وزارت کا حلف نہ لیا جائے تاکہ وہ پی ایس ایل کھیل سکیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کوئٹہ میں پی ایس ایل کے نمائشی میچ میں وہاب ریاض کے آخری اوور میں کوئٹہ گلیڈیئٹر افتخار احمد نے لگاتار 6 چھکے لگائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: افتخار احمد نے وزیر کھیل کے چھکے چھڑا دیے، آخری اوور میں لگاتار 6 چھکے، ویڈیو

میچ کے بعد وہاب ریاض نے پُر مزاح انداز میں کہا تھا کہ 6 چھکے لگانے سے زیادہ 6 چھکے کھانا بڑی بات ہے۔