‘الیکشن کمیشن فوری انتخابی شیڈول کا اعلان کرے’

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عدالتی فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عدلیہ سے انصاف کی امید تھی، عدلیہ نےآئین کی سر بلندی قائم رکھی،فیصلے سےعدلیہ کے وقارمیں اضافہ ہوا۔

پرویزالٰہی نے کہا کہ الیکشن کمیشن فوری انتخابی شیڈول کا اعلان کرے عدالتی فیصلے کے بعد تاخیر کی گنجائش نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن پنجاب میں فوری انتخابات کی تاریخ دے، تحریری فیصلہ

ادھر پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے بھی لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کو سلام پیش کرتےہیں،اس نےجمہوریت کوبچایا،اب فیصلے بند کمروں کے بجائے عوام کریں گے۔

ایڈیشنل سیکریٹری انفارمیشن تحریک انصاف حسان خاور نے بھی لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو انصاف،آئین اورجمہوریت کی فتح قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں اب جسٹس منیراورنظریہ ضرورت کی کوئی جگہ نہیں ہے۔