ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی قابو کر کے پی ایس ایل 8 میں اپنی پہلی کامیابی سمیٹ لی۔ سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے. انہوں نے 5 وکٹیں لے کر کوئٹہ کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا.
تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو سرفراز الیون کے لئے بھیانک خواب ثابت ہوئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 18.5 اوورز میں 110 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، ملتان سلطانز کے بولر احسان اللہ نے 4 اوورز میں 12 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، فاسٹ بولر کے سامنے کوئٹہ کے ہیوی ویٹ خزاں کے پتوں کی طرح جھڑنے لگے۔
کپتان سرفراز احمد کو احسان اللہ نے کلین بولڈ کیا، وہ صرف 2 رنز بناسکے، جارح مزاج آل راؤنڈر افتخار احمد کو فاسٹ بولر نے کھاتہ کھولے بغیر چلتا کیا، جیسن رائے کی بھی اہم ترین وکٹ انہیں کے کھاتے میں آئی۔
The #SultanSquad need to chase 111 to beat Quetta.#HBLPSL8 #LetsPlaySaeen pic.twitter.com/ncLy0uFjl8
— Multan Sultans (@MultanSultans) February 15, 2023
طویل عرصے سے آؤٹ آف فارم عمر اکمل کی اننگز بھی احسان اللہ کے ہاتھوں سمیٹی، انہوں نے 11 رنز بنائے، فاسٹ بولر نسیم شاہ کی وکٹ بھی انہوں نے ہی حاصل کی۔
کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے 27، محمد حسنین 22 محمد حفیظ 18 رنز بناکر نمایاں رہے۔ احسان اللہ کے علاوہ ثمین گل ، عباس آفریدی اور سامہ میر نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سلطانز کے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور بولرز کی ایک نہ چلنے دی. کوئٹہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 14 ویں اوور میں ہدف باآسانی حاصل کر لیا.
رائلی روسو نے شاندار نصف سنچری بنائی اور 78 رنز اسکور کیے۔ کپتان محمد رضوان بھی 28 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ کوشش کرینگے کہ کوئٹہ کو کم اسکور تک محدود رکھیں۔
پی ایس ایل 8 میں ملتان سلطانز اپنے ہوم گراؤنڈ میں یہ مسلسل دوسرا میچ کھیل رہی ہے، ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سلطانز کو 1 رن سے شکست دی تھی۔