ممبئی: بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی میں مشتعل افراد نے کرکٹر پرتھوی شاکی کی گاڑی پر حملہ کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے کرکٹر پرتھوی شاکی کی گاڑی پر حملہ کرنے والے 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
15 فروری کی شب پرتھوی شاکی اپنے دوست کے ہمراہ ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے جہاں ایک خاتون ان کی ٹیبل پر آ کر کرکٹر کے ساتھ تصاویر بنانے لگیں۔
متعلقہ: سابق بھارتی کرکٹر نے اہلیہ پر فرائنگ پین سے تشدد کر ڈالا

جب خاتون نے تصاویر اور ویڈیوز بنانے کا سلسلہ نہ روکا تو پرتھوی شاکی نے ہوٹل انتظامیہ سے شکایت کر دی جس کے بعد خاتون کو وہاں سے باہر نکال دیا گیا۔
بعد ازاں جب پرتھوی شاکی دوست کے ہمراہ گاڑی میں بیٹھ کر ریسٹورنٹ سے روانہ ہونے لگے تو کچھ لوگوں نے گاڑی پر حملہ کر کے اس کا شیشہ توڑ دیا اور بھاری رقم دینے کا مطالبہ کرنے لگے۔ کرکٹر کو دوسری گاڑی میں بٹھا کر موقع سے بحفاظت روانہ کر دیا گیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ واقعہ مداحوں کے ساتھ سیلفیاں نہ بنانے کے باعث پیش آیا۔