’عمران خان کو گرفتارنہیں ہونے دیں گے، کارکنان زمان پارک پہنچیں‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید کا کہنا ہے کہ عمران خان کو گرفتار نہیں ہونے دیں گے کارکنان زمان پارک پہنچیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے آڈیو پیغام میں کہا کہ ان لوگوں نے عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ کرلیا ہے لاہور میں موجوود تمام کارکنان فوری طور پر زمان پارک پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو پتہ ہے موجودہ حکمران کسی محاذ پر عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے اگر پی ٹی آئی قیادت بھی گرفتار ہوتی ہے تو کسی کا انتظار نہیں کرنا ہے باہر نکلنا ہے۔

یہ پڑھیں: عمران خان کی لاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد

مراد سعید نے کہا کہ پاکستان کی خود داری، عالم اسلام کی ترجمانی کے لیے عمران خان کھڑے رہے ملک کے بہتر مستقبل اور غریب عوام کے لیے وہ ڈٹے رہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اپنے حق اور حقیقی آزادی کے لیے سب باہر نکلیں۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی بڑی تعداد زمان پارک پہنچ گئی ہے اور عمران خان کے گھر کے باہر کی سیکیورٹی سنبھال لی ہے۔