’اسپیکر نئے اپوزیشن لیڈر کے تقرر کا عمل فوری شروع کریں‘

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی فوری طور پر نئے لیڈر آف دی اپوزیشن کی تقرری کا عمل شروع کریں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر اپنے ٹویٹ میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر لیڈر آف دی اپوزیشن کے تقرر کا عمل شروع کریں۔

فواد چوہدری نے اپنے مطالبے کی بنیاد عدالت کے فیصلے کو بنایا ہے اور کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این ایز کے استعفے قبول کرنے کا الیکشن کمیشن اور اسپیکر کا

فیصلہ معطل کر دیا ہے جس کے بعد پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کی تعداد ایوان میں موجود تمام جماعتوں سے زیادہ ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے بعد اسپیکر فوری طور پر نئے لیڈر آف دی اپوزیشن کے تقرر کا عمل شروع کریں۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے آج پی ٹی آئی کے 70 اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے پنجاب کے متعلقہ حلقوں  میں ضمنی الیکشن روکنے کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو بڑا ریلیف، 70 ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ معطل

اس سے قبل 10 فروری کو لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے کے اسپیکر اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ ان حلقوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری نہ کیا جائے۔