پی ٹی آئی کو بڑا ریلیف، 70 ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ معطل

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 70 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 70 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے خلاف درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی جس میں عدالت نے درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے 70 اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکشن تاحکم ثانی معطل کردیا۔

عدالت نے پنجاب کے متعلقہ قومی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی الیکشن کو بھی روک دیا ساتھ ہی اسپیکر، الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 7 مارچ تک جواب طلب کرلیا اور سماعت ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اسپیکر کا ان کے استعفے منظور کرنا بدنیتی پر مبنی فیصلہ ہے کیونکہ وہ اپنے استعفے واپس لے چکے تھے اس کے باوجود انہوں نے استعفے منظور کیے اور الیکشن کمیشن نے انہیں ڈی نوٹیفائی کردیا۔

درخواستوں میں استدعا کی گئی تھی کہ وہ واپس قومی اسمبلی جانا چاہتے ہیں اس لیے الیکشن کمیشن کا ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفیکیشن معطل کیا جائے۔

 لاہور ہائیکورٹ اس سے قبل پی ٹی آئی کے 43 اراکین اسمبلی کے استعفے منظوری اور ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ بھی معطل کر کے وہاں الیکشن روکنے کا حکم دے چکی ہے۔