حکومتی اتحاد نےضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا

حکومتی اتحاد پی ڈی ایم نے تحریک انصاف کے مستعفی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اب فسادی جماعت ضمنی انتخاب لڑے اور اسمبلی میں آجائے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایوان میں ہی آنا تھا تو اسمبلیاں کیوں توڑیں؟

اس سے قبل پیلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ پی ڈی ایم نے ایم کیو ایم پاکستان سے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی تھی۔ اس معاملے پر پی ڈی ایم نے ایم کیوایم کی قیادت سے رابطہ کیا، یہ رابطہ پیپلزپارٹی کے دباؤ پر ن لیگی قیادت کی جانب سے کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایم کیو ایم اور اے این پی کو قائل کیا جائے کہ دونوں جماعتیں ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لیں۔