شاہد آفریدی نے شاہین شاہ کو ان کی بڑی خامی بتا دی

سابق کپتان شاہد آفریدی نے کراچی کنگز سے شکست کے بعد اپنے داماد اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ان کی بولنگ کی خامی بتا دی۔

نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ اسٹمپ سے بہت دور بولنگ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں رنز پڑ رہے ہیں۔ شاہین کو گیند کی لائن اور لینتھ درست کرنا پڑے گی۔

انہوں نے اپنے داماد کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ شاہین کو سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کی طرح اسٹمپ میں گیند کو اندر لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

شاہد آفریدی نے قلندرز کے کپتان کو یہ بھی مشورہ دیا کہ انہیں اپنی پرانی ویڈیوز دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ویڈیوز دیکھیں گے تو انہیں اندازہ ہوگا کہ وہ اننگز کے اختتامی اوورز میں یارکر کی کوشش میں فل ٹاس گیندیں کروا رہے ہیں جس سے حریف ٹیم کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور قلندر پی ایس ایل 8 دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے کھیل رہی ہے اور اسے گزشتہ دنوں کراچی کنگز نے با آسانی 67 رنز ہرا دیا تھا۔