جیل بھرو تحریک: شاہ محمود سمیت کئی رہنماؤں نے گرفتاری دے دی

پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پہلی گرفتاری دے دی۔

پارٹی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لاہور میں گرفتاری دی، شاہ محمود کے علاوہ اسد عمر،اعظم سواتی اور عمرسرفراز چیمہ نے گرفتاری دے دی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ شاہ محمود،اسدعمر،اعظم سواتی اور عمرسرفراز چیمہ نے گرفتاری دے دی ہے،شاہ محمود اور دیگر قیادت کو لیکر قیدیوں کی وین کیمپ جیل پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو آفر دے دی

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کے کارکنوں نے دفعہ 144 اور ایم پی او کی خلاف ورزی کی، پابندی کے باوجود احتجاج اور ریلی نکالی اور قانون کو ہاتھ میں لیا گیا۔

ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ کرکٹ ٹیموں کی آمد کی وجہ سے مال روڈ پرخصوصی اقدامات تھے،مال روڈ پر ایک سیاسی جماعت کے کارکنان نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی، مظاہرین زبردستی پولیس وین میں سوار ہوئے۔

ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں امن وامان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کے اندراج سے متعلق مشاورت جاری ہے، مقدمہ درج ہوا تو گرفتاریاں بھی شروع کردینگے۔