آسٹریلیا کے اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر جو انجری کے باعث بھارت کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اپنے مستقبل کا منصوبہ بتا دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ اگر سلیکٹرز انہیں ٹیسٹ ٹیم سے باہر کر دیتے ہیں تو وہ 2024 تک محدود اوورز کی کرکٹ جاری رکھیں گے۔
انجری کے باعث بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے کے بعد وطن واپس پہنچنے پر سڈنی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میں پہلے بھی بتا چکا ہوں کہ 2024 تک کھیل جاری رکھوں گا تاہم سلیکٹرز سمجھتے ہیں کہ میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے فٹ نہیں ہوں تو کوئی بات نہیں میں محدود اوورز کی کرکٹ میں اپنا سفر جاری رکھوں گا۔
وارنر نے کہا کہ میرے پاس اگلے 12 ماہ ہیں اور اس دوران ٹیم نے کافی کرکٹ کھیلنی ہے۔ اگر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتا اور رن بناتا رہوں تو یہ ٹیم کے لیے سب سے اچھا ہوگا۔
اوپنر کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑی 36 یا 37 سال کا ہو تو ناقدین کے لیے اسے نشانہ بنانا آسان ہوتا ہے۔ میں نے اپنے پرانے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا دیکھا ہے۔
واضح رہے کہ ہیئر لائن فریکچر کی وجہ سے ڈیوڈ وارنر بھارت میں کھیلی جا رہی بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کے بعد ہی واپس وطن لوٹنا پڑا۔ اس سیریز میں وہ رنز کرنے میں ناکام رہے اور تین اننگز میں بالترتیب ایک، 10 اور 15 رنز ہی بنا سکے جب کہ دہلی ٹیسٹ کی چوتھی اننگ میں وہ چوٹ کی وجہ سے بیٹنگ کے لیے نہ آ سکے اور آسٹریلیا نے ان کی جگہ ٹریوس ہیڈ سے اوپننگ کرائی۔ تاہم وارنر 17 مارچ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے دوبارہ بھارت آئیں گے۔
بھارت میں اس مایوس کن کارکردگی کے باوجود آسٹریلوی اوپنر انگلینڈ میں رواں سال جون سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے بھی پرامید ہیں۔