کراچی میں شہری ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا

کراچی کے علاقے بلدیہ میں سعید آباد میں شہری بجلی کے ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شہر کے پول پر چڑھ جانے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ اطراف میں علاقہ مکین بھی جمع ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہری ایک گھنٹے سے ہائی ٹینشن پول پر چڑھا ہوا ہے  جس کی وجوہات کا ہمیں علم نہیں، بجلی کی سپلائی بند کروا دی ہے اور شہری کو نیچے اتارنے کی کوششیں جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق شہری کبھی نیچے کی جانب آتا ہے پھر کچھ دیر بعد اوپر چلا جاتا ہے۔

اس سے قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں نوجوان پسند کی شادی نہ ہونے پر احتجاجاً ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا تھا۔ اس کا مطالبہ تھا کہ شادی مرضی سے کروائی جائے ورنہ کود کر جان دے دوں گا۔