اسلام آباد نے کوئٹہ کو باآسانی زیر کرلیا

کراچی: شاندار بلے بازی کے بعد عمدہ بولنگ کے بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ کو باآسانی زیر کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو63رنز سے قابو کرلیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز221رنز کےتعاقب میں157رنز پر ڈھیر ہوگئی،افتخاراحمد کےجارحانہ 38رنزبھی کسی کام نہ آئے،محمد حفیظ48اور کپتان سرفرازاحمد41رنزاسکورکرسکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اورفضل فاروقی نے3،3کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، ابراراحمداورشاداب خان نے2،2شکارکیے۔

اس سے قبل اعظم خان اور آصف علی کی شاندار بلے بازی کے باعث اسلام آباد نے پی ایس ایل 8 کا سب سے بڑا ٹوٹل سجایا،اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے۔

مڈل آرڈر بیٹر اعظم خان نے کوئٹہ کے بولرز کا بھرکس نکالا، جارح مزاج بیٹر نے 42 گیندوں پر97رنزکی طوفانی اننگزکھیلی، ان کی دلکش اننگز میں 8 بلند وبالا چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

اعظم خان اورآصف علی نے5ویں وکٹ پر98رنز کی شراکت بنائی۔

آصف علی نے بھی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 24 گیندوں پر 42 رنز اسکور کئے، انہوں نے بھی 4 بار گیند کو میدان سے باہر پھینکا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین اوراوڈین اسمتھ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، نسیم اورایمل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کپتان شاداب خان نے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کرینگے جبکہ کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کہنا تھا کہ کوشش کرینگے کہ دوسری اننگز میں عمدہ کرکٹ کھیل کر میچ جیتے۔

آج کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ میں دو تبدیلیاں کی گئیں ، ابرار احمد اور فضل حق فاروقی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ، ٹام کرن اور رومان رئیس کو آرام دیا گیا ۔

کوئٹہ نے بھی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں، عبدل بنگلزئی کی جگہ ول اسمیڈ جبکہ قیس احمد کی جگہ ایمل خان کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ: رحمان اللہ گرباز، کولن منرو، روسی ویںڈر ڈیوسن، شاداب خان کپتان، آصف علی، اعظم خان، مبشر خان، فہیم اشرف، حسن علی، فضل اللہ فاروقی،ابرار احمد

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ: جیسن رائے، مارٹن گپٹل، ول سمیڈ، محمد حفیظ، سرفراز احمد کپتان، افتخار احمد، محمد نواز، اوڈین اسمتھ، محمد حسنین، نسیم شاہ اور ایمل خان