حاجرہ یامین نے شعیب اختر کے بیان پر کیا کہا؟

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حاجرہ یامین نے بھی شعیب اختر کے بابر اعظم سے متعلق بیان پر تبصرہ کردیا۔

قومی ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے گزشتہ دنوں بابر اعظم سے متعلق کہا تھا کہ انہیں بولنا نہیں آتا اسی لیے وہ اب تک بڑے برانڈ نہیں بن سکے، انہیں بات نہیں کرنا آتی جس کے باعث وہ لوگوں سے جڑ نہیں پاتےکتنا مشکل ہے انگریزی میں بات کرنا۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ‘آج کل صرف ٹیلنٹ سے کام نہیں چلتا، میڈیا بڑا اہم کردار ادا کرتا ہے کرکٹ ایک جاب ہے اور میڈیا ایک الگ جاب ہے، اگر آپ بول ہی نہیں سکتے تو اپنی پرفارمنس ٹی وی پر کیسے بیان کریں گے؟’

شعیب اختر کے اس بیان پر سابق قومی کرکٹرز اور بابر اعظم کے مداحوں نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا بعدازاں شعیب اختر نے اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ بابر کوہلی کی طرح برانڈ بنے، اگر آپ کو انگریزی نہیں آتی تو اپنی زبان میں بات کریں لیکن ٹوٹی پھوٹی انگریزی نہ بولیں عجیب لگتا ہے۔

یہ پڑھیں: شعیب اختر نے بابر اعظم سے متعلق بیان کی وضاحت کردی

تاہم اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں ادکارہ حاجرہ یامین نے شرکت کی اور شعیب اختر کے بیان سے متعلق تبصرہ کیا۔

حاجرہ یامین نے کہا کہ ’میرے خیال میں ان کا ارادہ برا نہیں تھا لیکن انہوں نے تھوڑا غصے سے بولا اسی لیے سب نے اس بیان کو منفی طور پر لیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ کسی کی بھی صلاحیت انگریزی بولنے سے بہتر ہوتی ہے ہمیں فخر کرنا چاہیے اور اپنی زبان اچھے سے بولنی چاہیے۔

حاجرہ یامین نے کہا کہ عالمی سطح پر زیادہ تر کھلاڑی اپنی زبان میں بات کرتے ہیں قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں بھی کھلاڑیوں نے ساتھ میں ٹرانسلیٹر رکھے ہوئے تھے وہاں کوئی دوسری زبان میں بات نہیں کررہا تھا ہر کوئی اپنی زبان میں گفتگو کررہا تھا۔

اداکارہ نے جب مشہورفٹبالرز کی مثال دی تو شو میں شریک سابق کپتان یونس خان، سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے بھی تالیاں بجا کر ان کے بیان کو سراہا۔