’قوم کو کفایت شعاری اپنانے اور اخراجات پر قابو پانے کی ضرورت ہے‘

دیوالیہ

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم قوم کو کفایت شعاری اپنانے اور اخراجات پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں سینیٹ کی گولڈن جوبلی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے اور سینیٹ اخراجات کو کم سے کم کرنے پر ارکان سے رائے لی گئی ساتھ ہی فیصلہ کیا گیا کہ سینیٹ ملازمین کو موجودہ مالی سال میں کوئی اضافی اعزازیہ نہیں دیا جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹ کی تاریخی اور سیاسی اہمیت کو اجاگر کریں جبکہ معاشی حالات کے پیش نظر سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کا خصوصی اجلاس 15 سے 17 مارچ کو طلب کیا جاچکا ہے جس میں سابق سینیٹرز کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے تمام ممبران کو اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

ملک کے ڈیفالٹ ہونے کوئی خطرہ نہیں، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ معاشی مشکلات ضرور ہیں لیکن ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے موثر حکومتی پالیسیوں کی بدولت مشکلات پر قابو پالیں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ قوم کو کفایت شاری اپنانے اور اخراجات پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔