’لاہور قلندرز کے کھلاڑی مجھے ’مرشد‘ کہہ کر پکارتے ہیں‘

پی ایس ایل 8 میں لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے کا کہنا ہے کہ مجھے ٹیم میں ’مرشد‘ کہہ کر پکارا جاتا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے نے کہا کہ شاہین آفریدی بہترین کپتان ہیں شروع میں لوگوں نے کہا وہ نوجوان ہیں مشکل ہوگی لیکن ان میں بروقت فیصلے کرنے کی صلاحیت ہے۔

ڈیوڈ ویزے نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ شاہین آفریدی لمبے عرصے تک کپتان رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

قلندرز کے آل راؤنڈر نے کہا کہ پی ایس ایل میں نوجوان کھلاڑی سامنے آتے رہتے ہیں ایسے بولر بھی ہیں جو 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے ہیں، پی ایس ایل کا معیار دیگر لیگز سے بہت بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی لیگ میں لمبا سفر طے کرنا ہے، پلے آفس میں ہمیں مزید اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی، ہماری ٹیم متوازن ہے اگر یہی کارکردگی برقرار رکھے تو دوبارہ ٹرافی اٹھا سکتے ہیں۔

ڈیوڈ ویزے نے کہا کہ قلندرز کا حصہ رہنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے پانچ برس سے ٹیم سے منسلک ہوں قذافی اسٹیڈیم میں مجھے شائقین کی جانب سے بہت سراہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے مجھے موقع دیا گیا اور سپورٹ کیا گیا یہ سب میرے لیے اہمیت کا حامل ہے۔