حکومت کو عمران خان کی گرفتاری کی کوئی جلدی نہیں، یہ جتنا بھاگ رہا بھاگ لے، خواجہ آصف

ثاقب نثار

اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ حکومت کو عمران خان کی گرفتاری کی کوئی جلدی نہیں، یہ جتنا بھاگ رہا بھاگ لے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ڈرامہ شروع کررکھاہے ، کبھی کسی مجرم نے عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار نہیں کیا ،سیاستدان قربانیاں دیتے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تاریخ کی سب سے بڑی قربانی ذوالفقار علی بھٹو کی ہے، ذوالفقار علی بھٹو پھانسی پرچڑھ گئے جسے بعد میں عدالتی قتل قرار دیا گیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی نے پیشیاں بھگتیں لیکن عمران خان عدالتوں کے احکامات ماننےسے انکار کررہاہے، آج بھی عمران خان پیش نہیں ہوا اور نہ ہی وکلات نامہ دیا۔

ان  کا چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کب تک ایسے چھپ سکتا ہے ، یہ صاحب تو لوگوں کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیخلاف اکساتا ہے، آج انکے پیش ہونیوالے وکیل نے وکالت نامہ دیا نہ کمٹنٹ پیش ہونےدی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، ایک دن بھی عمران خان نے درست سیاست نہیں کی، جیل بھرو تحریک میں اپنی زبان کا بھی پاس نہیں کیا ، یہ عجب قوم سیاست میں آگئی ہے۔

وفاقی وزیر نے عمران خان پر کیسوں کے حوالے سے بتایا کہ ان کی معاشی کرپشن کےبے پناہ کیسز ہیں، توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کے کیسز بھی بے پناہ ہیں، حکومت کو عمران خان کو گرفتار کرنے میں کوئی جلدی نہیں،یہ جتنا بھاگ رہا بھاگ لے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے وقت نواز شریف بیٹی کے ساتھ واپس آئے ، عمران خان تھوڑی جرات میاں نواز شریف سے ہی مانگ لے، یہ تو شدید گرمی میں اےسی اتارنےکی دھمکیاں دیتارہا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ آنےوالا وقت بتائے گا کہ کون کس کے ساتھ کیا کررہاہے ، آپ گرفتار بھی ہوں گے مگر ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے۔

وزیر دفاع نے عدالتوں سے گزارش  کی  کہ قانون کے مطابق باقی سیاستدانوں کی طرح دیکھاجائے، عام شہری اور عمران خان کے لئے ایک جیسا قانون روا رکھیں۔

عمران خان اور قمرجاویدباجوہ  کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ قمرجاویدباجوہ کی تعریفیں کیں، ان کا جھگڑا ایک تعیناتی سےشروع ہوا، ان کی کوشش اپنا چیف لگانے کی تھی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں ان کی اوقات سامنے آنیوالی ہے، یہ سب کے پاؤں پکڑے گا اسے ہمیشہ وینٹی لیٹر کی ضرورت ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سرحدپار کی جنگ اور دہشت گردی کو ہم اپنے گھر لے آئے، اس کا بھی حساب ہوگا جنہوں نے فیصلہ کیاامریکا کی جنگ ہم نے لڑنی ہے۔