اے آر وائی کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ جاری

کراچی: اے آر وائی نیوز کی درخواست پر پیمرا کے غیر قانونی اقدام کے خلاف سندھ ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری  کر دیا۔

جسٹس ذوالفقار احمد خان نے پیمرا کے نوٹیفکیشن کی معطلی کا تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں اے آر وائی نیوز کو کیبل پر فوری بحال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ پیمرا کا چینل کی معطلی کا نوٹس معطل کیا جاتا ہے، حکومت اور پیمرا اے آر وائی نیوز کی نشریات فوری بحال کرے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ چینل کو اگلی پیشی تک پرانی پوزیشن  پر بحال کیا جائے، چینل کو ٹی وی کیبل پر جس نمبر پر بند کیا گیا اسی پر بحال کیا جائے، پیمرا آئندہ چینل کو سنے بغیر غیر قانونی کارروائی سے گریز کرے۔

فیصلے کے مطابق اے آر وائی نیوز کے خلاف ایسی کوئی کارروائی نہ کی جائے جو آئین کے خلاف ہو۔ سندھ ہائی کورٹ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو 28 مارچ کیلیے نوٹس جاری کر دیا۔