’کارکنان پُرامن طریقے سے پیچھے ہٹ کر گھروں کو چلے جائیں‘

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے لاہور کے کینال روڈ پر پولیس اور کارکنان میں تصادم کے خطرے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کارکنوں کو واپس لوٹنے کی ہدایت کر دی۔

حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے کارکن پُرامن رہیں گے مشتعل نہیں ہوں گے، کارکنان پُرامن طریقے سے پیچھے ہٹ جائیں اور گھروں کو چلے جائیں کیونکہ ہم کسی قسم کا خون خرابا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران آج بھی چاہتے ہیں کہ افرا تفری پھیلے، ہماری ریلی پر غیر آئینی پابندی لگائی گئی، خواتین کارکنوں پر کیمیکل والا پانی پھینکا گیا، رات کو انتظامیہ کے ساتھ پُرامن ریلی کیلیے روٹ فائنل کیا تھا لیکن آج دوپہر دفعہ 144 لگا دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ چاہتے ہیں کہ معاملہ انارکی کی جانب بڑھے مگر کارکنوں نے پُرامن رہنا ہے، ان کی پوری کوشش ہے کہ انتخاب کے عمل سے راہ فرار اختیار کریں۔