کشتی الٹنے کا ایک اور افسوسناک واقعہ، 21 افراد ہلاک

صنعاء : یمن کے بحیرہ احمر میں ایک کشتی الٹنے کے حادثے میں 21 افراد کی ڈوب کر موت کے منہ میں چلے گئے، ہلاک شدگان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے مقامی ضلع کونسل کے اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ مرنے والے تمام مقامی افراد یمن کے "کامران جزیرے” پر ایک رشتہ دار کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، مرنے والوں میں 12 خواتین، سات بچے اور دو مرد شامل ہیں۔

یہ حادثہ منگل کی سہ پہر حدیدہ بندرگاہی شہر کے شمالی حصے میں ضلع اللحیہ کے نزدیک بحیرہ احمر میں پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ کشتی میں 27 مسافر سوار تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حادثے میں بچ جانے والے چھ افراد کو ابتدائی طبی امداد کے لیے حدیدہ شہر کے الثورہ اسپتال لے جایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ تیز ہوا کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ لیبیا سے اٹلی آنے والے تارکین وطن کی کشتی اٹلی کے ساحلی شہر کروٹون کے قریب ڈوب گئی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 46تارکین وطن ہلاک ہوگئے، ڈوب کر ہلاک ہونے والوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں، کشتی میں 250افراد سوار تھے، حادثہ سمندر میں طغیانی کے باعث پیش آیا۔ ،کشتی ڈوبنے سے28پاکستانیوں کی لاشیں نکال لی گئیں، مبینہ طور پر کشتی پر40پاکستانی سوار تھے۔