دلہن کے والد کا اپنے داماد کو پیغام، باراتی حیران رہ گئے!!

بیٹی کی شادی کے موقع پر باپ کا جذباتی ہوجانا فطری عمل ہے کیونکہ باپ اور بیٹی کی محبت لازوال ہوتی ہے، اور بیٹی سے بچھڑنے کا غم کسی بھی باپ کیلئے سہنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

اس حوالے سے مصر میں ہونے والی ایک شادی میں پیش آنے والا واقعہ سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے جس میں دلہن کے والد نے اپنے ہونے والے داماد کو ایسا پیغام دیا کہ وہاں موجود باراتیوں کے ساتھ ساتھ صارفین بھی حیرت زدہ رہ گئے۔

مصرمیں شادی سے قبل دلہن والوں کی طرف سے گھر بسانے کے لیے دلہا کو شادی کے سامان”جہیز” کی ایک فہرست پہنچائی جاتی ہے، اگرچہ یہ رسم مصری سماج کا حصہ ہے مگر اس میں عام طور پر گھریلو ضروریات کا سامان ہی ہوتا ہے۔

مقامی سطح پر اس فہرست کو”امانت”بھی کہا جاتا ہے، اسی فہرست سے جڑی ایک حیران کن خبر ان دنوں مصری سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

حیران کردینے والی خبر یہ ہے کہ اسکندریہ گورنری سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنی بیٹی کی شادی کے موقع پر اس کے ہونے والے داماد یعنی دلہا کو جہیز کے سامان کی جو فہرست دی ہے اس میں اس نے لکھا کہ "میری بیٹی کے حق میں اللہ سے ڈرنا”۔ مصریوں کے لیے کسی بیٹی کے باپ کی طرف سے اس کی رخصتی سے قبل دلہا کو اس طرح کا پیغام دینا معمول کی بات ہے۔

مصری شہری انجی عصام نے اپنی بیٹی کے ہونے والے شوہر کریم المنیاوی کو سامان کی فہرست اس وقت دی جب المنیاوی اپنے دیگر اقارب کے ہمراہ اپنے سسر کے گھر آئے۔

انجی عصام نے لکھا کہ جسے ناموس کی امانت سونپی گئی ہو وہ پیسے نہیں مانگتا، ہماری عزت میں خدا سے ڈرنا۔ اس جملے کے ساتھ دلہن کے والد اینجی عصام نے اپنی بیٹی کے دولہا کریم المنیاوی سے وہ سب کچھ بیان کیا جو وہ چاہتے تھے۔

اس فہرست پر دلہا نے دستخط کیے۔ وہ حیران رہ گئے کہ اس فہرست میں سامان کی تو کوئی تفصیل نہیں تھی البتہ صرف اتنا لکھا تھا کہ ان کی بیٹی کے حق میں اللہ سے ڈرنا۔

دولہے نے اس پر حیرت کا اظہار کیا جو اس نے شادی کے سامان کی فہرست میں دیکھا اور العربیہ ڈاٹ نیٹ کو دیئے گئے ایک بیان میں وضاحت کی کہ دلہن کا خاندان اپنے حسن سلوک کے لیے جانا جاتا ہے۔

المنیاوی نے کہا کہ وہ شادی سے چند روز قبل دلہن کے گھر والوں کے پاس جا کر منقولہ اشیاء کی فہرست اور جہیز کی تاریخ پر دستخط کرنا چاہ رہے تھے لیکن "فہرست” میں جو کچھ لکھا ہے اسے دیکھ کر وہ حیران رہ گئے۔

المنیاوی نے واضح کیا کہ اپنے ہونے والے سُسر کا مشورہ ان پر قرض ہے، وہ خدا کو خوش کرنے کے بعد اپنی بیوی کا بھی خیال رکھیں گے۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی صارفین کا دلچسپ رد عمل دیکھنے میں آرہا ہے، مذکورہ فہرست ان دنوں مصری سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہے۔

بعض لوگ اسے دلہن کے حق میں کمی قرار دیتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ باپ کو ایسا کرنے کا حق نہیں تھا جب کہ بعض نے اسے ایک طرح کی سہولت اور نیک خیال قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر منفی تبصروں کے بارے میں المنیاوی نے تصدیق کی کہ وہ ان تبصروں سے بالکل متاثر نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ میں اور میری اہلیہ اپنے بنائے منصوبے اور پروگرام کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔