لندن: عالمی یوم خواتین کے موقع پر برطانوی ممبر پارلیمنٹ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر مظالم کے خلاف آواز بلند کی گئی۔
ممبر پارلیمنٹ طاہر علی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں خواتین کا دن منایا جا رہا ہے لیکن مودی حکومت خواتین کی عصمت دری اور زبردستی کی شادیاں کر رہی ہے، بھارت میں معصوم خواتین گھریلو تشدد کا سامنا کر رہی ہیں۔
طاہر علی نے برطانوی وزیر اعظم رشی سونک سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا برطانوی حکومت کشمیری خواتین سے ان مظالم پر اظہار یکجہتی کرتی ہے؟
اس پر وزیر اعظم رشی سونک نے جواب دیا کہ برطانوی حکومت ترقی پذیر ممالک کی خواتین کیلیے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے، برطانیہ ترقی پذیر ممالک کی خواتین کی تعلیم اور بنیادی حقوق کیلیے بڑی رقم خرچ کر رہا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ کسی بھی جگہ بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گا۔