اسرائیلی بربریت جاری، دو دن میں 10 فلسطینی شہید

اسرائیلی فورسز نے ریاستی دہشتگردی کے ایک اور واقعے میں 3 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا جس کے بعد 2 دن کے دوران نام نہاد کارروائیوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شمالی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں ایک چھاپے میں تین فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ جمعرات کی اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہونے والے تین افراد کی شناخت 22 سالہ احمد فشفشہ، 26 سالہ سفیان فخوری اور 25 سالہ نایف ملیشیح کے نام سے ہوئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق چوتھا شخص – 14 سالہ ولید نصر بھی جمعرات کو ان زخموں کی وجہ سے دم توڑ گیا جو منگل کو اسرائیلی فوج کی گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا۔ دو روز قبل جنین میں ہی اسرائیلی فورسز نے 6 فلسطینیوں کو شہید کیا تھا۔

فشفشہ، فخوری اور ملیشیہ کو جنین کے جنوب میں واقع جابہ گاؤں میں ایک کار کے اندر گولیاں ماری گئیں۔ اسرائیلی اسپیشل فورسز، بشمول سویلین لباس میں خفیہ یونٹوں نے صبح 6 بجے (04:00 GMT) جابہ پر چھاپہ مارا تھا۔