راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں مزید تین دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیال میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق گزشتہ روز سے جاری آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ مقامی لوگوں نے دہشت گردی کے خاتمے اور فورسز کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ علاقے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مکمل تعاون کا عزم ظاہر کیا ہے۔