مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ’نانی‘ بلائے جانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان مجھے نانی کہہ کر مخاطب کرتا ہے جس پر مجھے کوئی اعتراض نہیں، خود نواز شریف کی عمر کے ہو، کاش زندگی میں اچھے فیصلے کیے ہوتے تو آج خود بھی نانا دادا ہوتے۔
مریم نواز نے عمران خان پر پھر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں پیشی کیلیے بیمار اور ریلی کیلیے تیار ہوتے ہو، خود گھر میں چھپ کر بیٹھا رہا اور نوجوانوں کو ایندھن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنوں پر تشدد نہیں ہونا چاہیے لیکن کیا یہ کارکن ہیں؟ جاں بحق ہونے والے کارکن کیلیے دل خون کے آنسو رویا، اس کے والد کو زمان پارک بلایا اور جوتی بزرگ کی طرف کر کے بیٹھ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بابا رحمتے، ہینڈلر اور اسے نشان عبرت بنانا چاہیے، جب تک ترازو برابر نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرے گا۔