حکومت کی کوشش ہے عمران خان کو پابند سلاسل کیا جائے، شاہ محمود

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت سمجھتی ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈال کر انہیں الیکشن جیتنے میں آسانی ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کی مقبولیت سے خوفزشہ اور گھبرائی ہوئی ہے۔ اس کی کوشش ہے عمران خان کو پابند سلاسل کیا جائے کیونکہ یہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کو جیل میں ڈال کر انہیں الیکشن جیتنے میں آسانی ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مائنس ون فارمولا اپنانے کا جو بھی سوچتے ہیں، یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ مائنس ون کا فارمولا کسی بھی دور میں نہیں چلا۔ یہ نادان دوست ہیں اور تاریخ کے دھارے کو نہیں سمجھتے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جھوٹے، من گھڑت مقدمات کا بھی عدالتوں اور سیاسی میدان میں مقابلہ کرینگے اور عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں ان کا قانونی دفاع بھی کریں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم کہتی ہے عمران خان سلیکٹڈ تھے الیکٹڈ نہیں، فری اینڈ فیئر الیکشن کیلیے ہم نے کبھی انکار نہیں کیا۔ شفاف الیکشن ہوئے تو نظر آجائے گا کہ الیکٹڈ کون ہوتا ہے۔ یہ جماعتیں ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی رقم نکالنا چاہتی تھیں۔ یہ جماعتیں آج یکجا ہوگئیں۔ ایسا کیوں ہوا؟ اور سلیکشن کا پروسس کہاں چلا؟

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کہتے ہیں جنہوں نے ملک کی دولت کو لوٹا ہے وہ جوابدہ ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو اپنی بے گناہی ثابت کرنا ہوگی۔ بہت لوگ ہیں جن پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کا دھبہ نہیں ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو نا اہل پی ٹی آئی یا عمران خان نے تو نہیں کیا۔ ہم نے اپنی پسند ناپسند مسلط نہیں کی۔ نواز شریف جھوٹی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر 50 روپے کے اسٹامپ پر باہر چلے گئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ قمر زمان کائرہ اور کئی دیگر لوگ سیاسی سوچ رکھنے والے ہیں۔ الیکشن سے متعلق 5 رکنی بینچ نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔ انتخابات آئین کے مطابق ہی ہونے ہیں۔