پاکستان سپر لیگ 8 میں پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑی مغلیہ ڈش کے دیوانے ہوگئے اور دم پُخت کو چٹخارے لے لے کر کھایا۔
ایچ پی ایل پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن میں جہاں شائقین کرکٹ کو سنسنی خیز اور اعصاب شکن میچز دیکھنے کو مل رہے ہیں وہیں اس ایونٹ سے جڑی دلچسپ اور چٹ پٹی خبریں بھی سننے اور دیکھنے کو مل رہی ہیں۔
پاکستان کا دورہ کرنے والے غیر ملکی کھلاڑی پاکستانی کھانوں کے دیوانے تو ہو ہی جاتے ہیں لیکن اس بار پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑیوں کو مغلئی ڈش نے اپنا دیوانہ بنا لیا ہے۔ دم پُخت انہیں ایسا من بھایا کہ وہ اسے چٹخارے لے لے کر مزے سے کھاتے رہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ٹیم کے کھلاڑیوں کی تواضع مغل حکمرانوں کے دستر خوانوں کی زینت بننے والی مرغوب کھانے دم پُخت سے کی گئی ہے۔
ویڈیو میں زلمی کے ڈیرن سیمی، کیوی آل راؤنڈر جمی نیشم، ٹام کوہلر کیڈمور اور دیگر کھلاڑی مزے سے چٹخارے لے لے کر دم پُخت کھا رہے ہیں۔
غیر ملکی کھلاڑیوں کو اس کا ذائقہ ایسا من بھایا کہ جمی نیشم نے جاوید آفریدی کی ٹویٹ کو اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’بہت مزیدار ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 میں پشاور زلمی نے کوالیفائر مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
زلمی کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی چٹخارے لیتی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لاکھوں صارفین اس کو دیکھ اور پسندیدگی کا اظہار کرچکے ہیں۔
Delicious! https://t.co/uTnIBzUdpl
— Jimmy Neesham (@JimmyNeesh) March 12, 2023