پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز سے مقابلے میں ان فارم اوپنر فخر زمان کی وکٹ نے قلندرز کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 میں گزشتہ روز کھیلے گئے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو با آسانی 84 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی جس کے باعث دفاعی چیمپئنز کو اب اپنے اعزاز کے دفاع اور فائنل میچ میں رسائی کے لیے کل پھر میدان میں اترنا اور مخالف دیوار کو گرانا ہوگا۔
گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا تھا۔ لاہور قلندرز کی رواں ایونٹ میں پرفارمنس بالخصوص ان فارم اوپنر فخر زمان کی موجودگی میں لگ رہا تھا کہ قلندرز میچ جیت جائیں گے۔
تاہم قلندرز کے ان فارم جارح مزاج اوپنر فخر زمان جنہوں نے رواں ایونٹ میں کئی قابل دید اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو اس مقام تک پہنچایا کا اس اہم میچ میں آؤٹ ہونا ہی دفاعی چیمپئن کے لیے خوفناک خواب ثابت ہوا۔
فخر زمان کو ہاتھ کھولنے سے قبل ہی ملتان سلطانز کے انور علی نے جکڑ لیا، ان کی شاندار بولنگ پر جارح مزاج بلے باز بے بس نظر آئے اور 6 رنز پر انور کی گیند نے ان کی اسٹمپس کو اڑا کر رکھ دیا۔
یہ 19 کے مجموعے پر گرنے والی قلندرز کی تیسری وکٹ تھی جس نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر ہی توڑ کر رکھ دی اور اس کے بعد اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی مانند گرتی رہیں اور پوری ٹیم 14.3 اوورز میں صرف 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
یوں اس اہم میچ میں لاہور کے سب سے کامیاب بلے باز فخر زمان کی وکٹ گیم چینجر ثابت ہوئی۔