پنجاب اسمبلی انتخابات: مریم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع

لاہور : چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز کے پنجاب کے دو حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز کے الیکشن لڑنے کے فیصلے کے بعد گوجرانوالہ کے حلقہ پی پی 63 سے کاغذات نامزدگی ریٹرنگ افیسر کو جمع کرادیے گئے۔

مریم نواز پی پی 63 سے الیکشن لڑیں گی، ان کے کاغذات ملک لیاقت اعوان اور کنول لیاقت ایڈووکیٹ نے جمع کرائے۔

پی پی 149 سے مریم نواز کے 3 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، ایم شہباز بھٹی،عامر رضا،میاں مبشر،عاشق سلہری،خرم مغل تجویز کنندہ اور تائید کنندہ میں شامل ہیں۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی عثمان ابراہیم نے کہا کہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ مریم نواز ان کے حلقہ میں الیکشن لڑرہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی لیڈر شپ کے باعث ہمارے امیدواروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

مریم نواز کے حلقہ پی پی 63سے الیکشن لڑنے کے سوال کے جواب میں عثمان ابراہیم نے کہا کہ حلقہ پی پی 63 گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کا مظبوط حلقہ ہے۔

یاد رہے کہ 2018کے جنرل الیکشن میں اشرف علی انصاری نے ن لیگ کی ٹکٹ پر الیکشن جیتا تھا جس کے بعد اشرف انصاری ن لیک کے منحرف اراکین میں شامل ہو گئے تھے لیکن اس کے بعد دوبارہ مسلم لیگ ن میں واپس آگئے تھے۔

خیال رہے سال 2018 کےجنرل الیکشن میں اشرف انصاری نے اس حلقےسےالیکشن جیتا تھا ، اشرف انصاری منحرف رہنے کے بعد دوبارہ ن لیگ میں شامل ہو گئے تھے۔

ن لیگ کی مقامی قیادت اورلیگل ٹیم نےریٹرننگ آفیسرکو کاغذات جمع کرائے