عمرہ ادائیگی کے خواہشمندوں کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور بیرون ملک سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ اجازت نامہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حرمین انتظامیہ کے سیکرٹری اسامہ الحجیلی کا کہنا ہے کہ عمرہ ادائیگی سے قبل اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے بغیر اجازت نامہ کے عمرہ ادائیگی کی اجازت نہیں ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ زائرین نسک اور توکلنا ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عمرہ ادائیگی کے لیے اجازت ناموں کا اجرا شروع کیا ہے۔
ماہِ صیام میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمندوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ابھی سے عمرہ پرمٹ حاصل کر لیں۔
وزارت نے رمضان کے ابتدائی 20 دنوں کے لیے عمرہ پرمٹ کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے تاکہ معتمرین سہولت سے عمرہ کی سعادت حاصل کر سکیں۔