بنگلہ دیش میں بھی رمضان المبارک کے چاند سے متعلق اعلان

ڈھاکا: بھارت کے بعد بنگلہ دیش میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔

بنگلہ دیشی قومی رویت کمیٹی کے مطابق ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئی ہیں پہلا روزہ جمعہ ہوگا۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق ملک کی مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا ہے۔

ہلال کمیٹی دارالعلوم دیوبند، ہلال کمیٹی جامع مسجد دہلی، امارت شرعیہ بہار جھارکھنڈ، مرکزی ہلال کمیٹی کانپور سمیت دیگر کمیٹیوں کو ملک بھر کے کسی حصے سے چاند کی شرعی رویت سے متعلق شہادتیں موصول نہیں ہوئیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب، یواےای اور خلیجی ممالک میں گزشتہ روز رمضان کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان ممالک میں پہلا روزہ 23 مارچ بروز جمعرات کو ہوگا۔

پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے لیکن پشاور اور لاہور سے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں موصول نہیں ہوئی ہیں۔