وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ عمران خان کیخلاف آیا تو یہ شخص دھمکائے گا اور بُرا بھلا کہے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شخص جس کے ہاتھ میں ماچس ہے جو ملک کو آگ لگانا چاہتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کا یہ وہ کیس ہے جو سب جانتے ہیں کی 9 معزز ججز سے شروع ہوا، اب یہ معاملہ 3 ججز پر پہنچ گیا ہے، رجسٹرار سپریم کورٹ کا سرکلر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے، یہ سماعت آئینی بحران کا تاثر دے چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے کاغذ لہرا کر کہانی گڑھی، اسمبلی توڑی، صدر سے آئین شکنی کروائی، اسی شخص نے پنجاب اور کے پی کی اسمبلی توڑی، وہ عالمی سازش کے جھوٹ میں پکڑا گیا ہے، یہ صرف ملک میں افراتفری چاہتا ہے۔
سپریم کورٹ نے فل کورٹ بنانے کی درخواست مسترد کر دی
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس بینچ نے فل کورٹ بنانے کے بجائے کوئی اور فیصلہ کیا تو کون مانےگا؟ دہشت گرد زمان پارک میں پال کر پولیس پر پیٹرول بم پھینکےگئے، اپنے چپڑاسیوں کے ذریعے زکوٰۃ کے پیسے کی منی لانڈرنگ کی، پیسے پرائیویٹ ہاوسنگ اسکیم پر استعمال کیے انہیں پتا ہے ایک سرکلر کے ذریعے کالعدم قرار دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک شخص جس کو سپریم کورٹ بلاتی ہے وہ دھمکی دیتا ہے، ہائی کورٹ بلاتی ہے تو جلوس لیکر آجاتا ہے، ججز کو دھمکاتا ہے، خاتون جج بلاتی ہیں تو کہتا ہے میں نہیں چھوڑوں گا، جو شخص عدالتوں کے گیٹ توڑتا ہے اور دھمکی دیتا ہے، اس شخص کے لیے کوئی فیصلہ آئے گا وہ متنازع ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان کی ذہنیت ہی آمرانہ اور فاشسٹ ہے، الیکشن سے کوئی بھاگ رہا ہے تو وہ عمران خان ہے، اگر ان کے کیخلاف فیصلہ آیا تویہ شخص دھمکائے گا اور برا بھلا کہے گا، جو شخص مہربانی کرے عمران خان اسی کو ڈستا ہے۔