اسلام آباد: سپریم کورٹ پاکستان کے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کروانے کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے اہم مشاورتی اجلاس طلب کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن مشاورتی اجلاس کل صبح 11 بجے ہوگا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کریں گے۔
سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات ہوں گے جبکہ کاغذات نامزدگی 10 اپریل تک جمع کرائے جائیں۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 19 اپریل تک جاری کی جائے گی اور انتخابی نشانات 20 اپریل کو جاری کیے جائیں گے۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے پر غور شروع کر دیا ہے تاہم تفصیلی فیصلہ موصول ہونے پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
حکومت نے عدالت عظمیٰ کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ اقلیتی ہے جو قابل عمل نہیں ہے۔