شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ شیری شاہ نے اداکار شمعون عباسی کے ساتھ شادی کی تصدیق کردی ہے۔
معروف اداکار و ڈائریکٹر شمعون عباسی اور شیری شاہ کی شادی کی خبریں گزشتہ سال سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں تاہم دونوں اداکاروں کی جانب سے شادی کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔
شوبز ویب سائٹ کے مطابق اب اداکارہ شیری شاہ نے شمعون عباسی کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے انہیں اپنا شوہر تسلیم کرلیا ہے۔
فیس بک پوسٹ پر شیری شاہ نے شمعون عباسی کے ساتھ تصویر شیئر کی اور انہیں مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ کی بہت سے چیزوں کی تعریف کرتی ہوں آپ کا پرسکون رہنا، آپ کا کردار، دیانتداری، آپ کی حس مزاح، دنیا کی خوبصورتی دیکھنے کا انداز اور یہی وجہ ہے کہ میری زندگی بہت خوبصورت ہوگئی ہے۔
شیرہ شاہ نے پوسٹ میں لکھا کہ ’میری زندگی میں سب سے اچھی چیز ہونے کا شکریہ، میں آپ کو اپنے جیون ساتھی کے طور پر پاکر بہت خوش قسمت محسوس کرتی ہوں، سالگرہ مبارک ہو ’ہبی۔‘۔
شمعون عباسی کی اس سے قبل بھی تین شادیاں ہو چکی ہیں، اداکار نے جویریہ عباسی سے پہلی اور حمائمہ ملک سے دوسری شادی کی تھی اور ایک شادی بیرون ملک کی تھی۔ تاہم بدقسمتی سے تینوں شادیاں کامیاب نہ ہو سکیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ شیری شاہ کی شمعون عباسی سے یہ دوسری شادی ہے۔